مینگلور 6 اگست (ایس او نیوز)عام آدمی پارٹی (عاپ) کی ضلع دکشن کنڑا یونٹ نے مینگلور میں اخلاقی پولس گیری کی مخالفت میں ایک ہیلپ لائن سروس شروع کی ہے جس میں عوام اپنے اوپر ہوئے حملے پر مدد طلب کرسکتے ہیں۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اگر کسی تنظیم کے کارکنان مینگلور حدود میں کسی پرحملہ کرکے قانون اپنے ہاتھوں میں لینے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ شخص 8884431217 پر ڈائل کرکے فوری طور پر مدد طلب کرسکتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ فون کال موصول ہوتے ہی عام آدمی پارٹی اپنے کارکنوں کو مدد کے لئے روانہ کرے گا اور متاثرہ شخص کا معاملہ پولس تھانہ میں درج کرنے کے تعلق سے مکمل رہنمائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حال ہی میں مینگلور کے سینٹ تھامس امدادی ہائیر پرائمری اسکول بونڈنتھیلا میں شری رام سینا کے کارکنوں نے حملہ کرتے ہوئے عربی کلاس پڑھانے پر اعتراض جتایا تھا اور اُسے بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ بار بار قانون کو اپنے ہاتھوں میں لیتے ہوئے شدت پسند تنظیموں کی جانب سے اقلیتوں پر حملوں میں اضافہ ہورہا تھا، جس کو دیکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی جانب سے ہیلپ لائن سروس شروع کی گئی ہے۔
عام آدمی پارٹی کے ریاستی نائب کنوینر اور دکشن کنڑا ضلع کے انچارج شانتھلا داملے نے بتایا کہ حال ہی میں عربی کلاس پر اعتراض جتاکر کالج پر ہوئے حملے کے بعد پارٹی نے محسوس کیا کہ اس طرح کےواقعات کی روک تھام کے لئے ہیلپ لائن سروس ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے کئی ایک معاملات میں متاثرہ شخص خاموشی اختیار کرتا ہے اور پولس تھانہ میں شکایت درج نہیں کراتا، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہم سے رابطہ کریں، ہم اپنے والنٹیرس اُس کو قانونی مدد فراہم کرنے کے لئے روانہ کریں گے جو پولس اسٹیشن میں متاثرین کے ساتھ پہنچ کر معاملہ درج کرنے تک ہر ممکن تعائون فراہم کریں گے۔